نئی دہلی، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت میں طاق اور جفت نمبر والی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر تحدیدات کے آج دوسرے دن نئی دہلی کی سڑکوں سے بیشتر کاروں کو
ہٹاتے ہوئے جفت نمبر کی گاڑیاں چلانے سے گریز کیا گیا ۔ چنانچہ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا سائیکل پر اپنے دفتر پہنچے۔ اگرچہ تحدیدات سے ٹریفک کے بہاؤ میں کمی کا فوری اثر دیکھنے میں نہیں آیا لیکن رات 8 بجے کے بعد جب تحدیدات ہٹائی گئیں، حکومت دہلی نے کہا کہ آلودگی کو گھٹانے کیلئے جاری اقدام آج دوسرے دن بھی کامیاب رہا۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ گوپال رائے نے بس میں سفر کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا اور راستوں میں متعین والنٹیرز سے بات کی۔ آج اس ’آڈ۔ ایو َن‘ اسکیم کے تحت قواعد کی خلاف ورزی پر 276 افراد کو چالان کیا گیا۔ پولیس اور سینئر حکومتی عہدیداروں نے کہا کہ 229 افراد کو دہلی ٹریفک پولیس اور 47 دیگر کو ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ والوں نے چالان کیا ہے۔ قبل ازیں ڈپٹی چیف منسٹر سیسوڈیا جن کی کار جفت نمبر والی ہے، صبح میں اپنی قیامگاہ سے سائیکل سواری کرتے ہوئے آل انڈیا ریڈیو کے دفتر پہونچے اور ریڈیو شو میں حصہ لینے کے بعد سائیکل پر دہلی سکریٹریٹ کیلئے نکل پڑے۔ نئی دہلی میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے عدیم النظیر اقدامات کئے گئے ہیں اور کل سے ایک ہفتے تک یکے بعد دیگر طاق و جفت نمبروں والی گاڑیوں پر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔