ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی آج جائزہ حاصل کرینگے

حیدرآباد۔/7جون، ( سیاست نیوز ) ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کل اتوار 8جون کو سکریٹریٹ کے Dبلاک میں اپنی وزارت کی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ حکومت نے ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر مال کیلئے ڈی بلاک میں روم نمبر 430 الاٹ کیا ہے۔ چیمبر کی تیاری کے کاموں کے سبب جناب محمود علی کو سکریٹریٹ میں عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے میں تاخیر ہوئی۔ حالانکہ انہوں نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے ساتھ 2جون کو ہی وزیر کی حیثیت سے حلف لیا تھا۔ پروگرام کے مطابق جناب محمود علی صبح 9بجے درگاہ حضرات یوسفینؒ نامپلی پر حاضری دیں گے اور چادر گل پیش کریں گے۔ وہاں سے سیدھے سکریٹریٹ پہنچ کر 10:30بجے صبح اپنے چیمبر میں ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ اس موقع پر سینئر وزراء اور ٹی آر ایس قائدین کی شرکت کی توقع ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر سکریٹریٹ میں اپنے چیمبر کے علاوہ پرانے شہر کے اعظم پورہ علاقہ میں واقع اپنے دفتر میں بھی عوامی مسائل کی سماعت کیلئے موجود رہیں گے۔ وزارت کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد وہ محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔