حج ٹرمنل اور دیگر سہولتوں کا جائزہ، 20 محکمہ جات کے عہدیداروں کو موجود رہنے کی ہدایت، خامی سے پاک خدمات کا عزم
حیدرآباد 6 ستمبر (سیاست نیوز)ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی 12 ستمبر کو شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر حج سیزن 2014 کے لئے قائم کئے جانے والے حج ٹرمینل کا دورہ کریں گے۔ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اس دورہ کا مقصد حج ٹرمینل میں عازمین حج کیلئے فراہم کی جارہی سہولتوں کا جائزہ لینا ہے ۔ روانگی اور واپسی کے مواقع پر اسی عارضی حج ٹرمینل کا استعمال کیا جاتا ہے جہاں تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر نے بذات خود دورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس دورہ کے موقع پر موجود رہیں۔ حج کمیٹی کے ذریعہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں کے علاوہ کرناٹک کے بعض علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی روانگی کا 14 ستمبر سے آغاز ہوگا جبکہ 12 ستمبر سے حج ہاوز نامپلی میں حج کیمپ شروع ہوگا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے گذشتہ دنوں حج کیمپ کے انتظامات کے سلسلہ میں 20 محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا تھا جس میں تمام محکمہ جات کو ضروری ہدایات جاری کی گئی۔ حج ٹرمینل میں عازمین حج کو علحدہ نماز گاہ کا انتظام کیا جائے گا اس کے علاوہ ضعیف العمر افراد کیلئے آرام دہ کرسیوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔عازمین کو وداع کرنے ایر پورٹ پہنچنے والے رشتہ داروں کی سہولت کیلئے خصوصی ٹینٹ نصب کئے جائیںگے۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ حج سیزن 2014 کے انتظامات کسی بھی خامی سے پاک رہیں گے اور تلنگانہ حکومت دونوں ریاستوں کے عازمین حج کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کی روانگی کے سلسلہ میں علحدہ شیڈول تیار کیا گیا ہے جس کے مطابق ابتدائی 10 پروازوں میں تلنگانہ کے عازمین روانہ ہوں گے جبکہ مابقی فلائیٹس میں آندھرا پردیش اور کرناٹک کے عازمین ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ حج ٹرمینل کے انتظامات کے سلسلہ میں بعض تجاویز حکومت کے زیر غور ہے جو دورہ کے موقع پر عہدیداروں کو پیش کی جائیں گی۔