حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی 28 اگست کو حج ہاؤز کا دورہ کریں گے۔ وہ اس موقع پر اقلیتی بہبود سے متعلق مختلف اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ حج سیزن 2014 ء کے پیش نظر حج کیمپ کے انتظامات کا بھی وہ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیں گے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے مختلف ادارے ڈپٹی چیف منسٹر کو اپنی کارکردگی کی رپورٹ پیش کریں گے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ کی جانب سے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کی تیاری کی گئی ہے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود کے علاوہ کمشنر اقلیتی بہبود اور دیگر اداروں کے سربراہ جائزہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ 30 اگست کو حج کیمپ کے سلسلہ میں 20 محکمہ جات کے مشاورتی اجلاس کے پیش نظر ڈپٹی چیف منسٹر یہ دورہ کر رہے ہیں ۔ حج ہاؤز میں انتظامات کا جائزہ لینے کے علاوہ وہ عمارت کی صفائی اور نگہداشت کے سلسلہ میں ضروری ہدایات دیں گے ۔ تلنگانہ حکومت نے حج کیمپ کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کے اجلاس کی ذمہ داری ڈپٹی چیف منسٹر کو تفویض کی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ وہ حج ہاؤز کے دورہ کے موقع پر عوامی مسائل کی بھی سماعت کریں گے۔ مختلف گوشوں کی جانب سے حکومت کو شکایتیں ملی ہیں کہ حج ہاؤز میں موجود اقلیتی ادارے بہتر طور پر کام نہیں کر رہے ہیں اور عوامی مسائل کی یکسوئی میں تاخیر ہورہی ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن ، وقف بورڈ ، اردو اکیڈیمی اور حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا ، جس میں آئندہ بجٹ کی تیاری کے سلسلہ میں نئی اسکیمات کے آ غاز پر بھی تجاویز طلب کی جائیں گی۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے ڈپٹی چیف منسٹر کے دورہ کے سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے محمود علی کا یہ پہلا دورہ حج ہاؤز ہے۔ توقع ہے کہ وہ حج کیمپ کے بہتر انتظامات کے سلسلہ میں ہدایات جاری کریں گے اور محکمہ جات کو درپیش مسائل کی سماعت کی جائے گی۔ اس دورہ کے بعد وہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو اقلیتی بہبود کی کارکردگی سے واقف کرائیں گے۔ اقلیتی اداروں میں اسٹاف کی کمی اور بجٹ کی عدم اجرائی جیسے مسائل کی یکسوئی کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ 12 ستمبر سے حج کیمپ کا آغاز ہوگا جبکہ 14 ستمبر کو عازمین حج کی پہلی فلائیٹ روانہ ہوگی۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین کیلئے علحدہ شیڈول کی تیاری کا کام جاری ہے۔ توقع ہے کہ سنٹرل حج کمیٹی دونوں ریاستوں کیلئے علحدہ شیڈول اندرون ایک ہفتہ قطعیت دے گی۔