چیف منسٹر کی عیادت ، کے سی آر کی درازی عمر اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے دعاؤں کا اہتمام
حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے دہلی میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کر کے عیادت کی بعد ازاں بارگاہ نظام الدینؒ پر حاضری دی ۔ اس کے علاوہ محمد محمود علی نے دہلی میں دیگر اولیاء اللہ کے آستانوں پر بھی حاضری دی ۔ اس موقع پر محمد محمود علی نے چیف منسٹر کی درازی عمر اور عاجلانہ صحت یابی اور تلنگانہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی دعاوں کا اہتمام کیا ۔ بعد ازاں محمد محمود علی نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ کی آنکھ کا آپریشن کے بعد تیزی سے روبصحت ہورہے ہیں ۔ آج تلنگانہ کے چار کروڑ سے زائد عوام کی دعائیں ہمارے عظیم سیکولر قائد کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بارگاہ نظام الدین اولیاء ؒ پر حاضری کے ذریعہ ہم نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی عاجلانہ صحت یابی اور تلنگانہ کی ترقی کے لیے دعائیں کی ہیں ۔ کیوں کہ یہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دور اندیشی اور سیکولر قیادت کا نتیجہ ہے کہ پچھلے تین سالوں میں ایک مرتبہ بھی تہواروں اور عید کے موقع پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ہے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ محمد فرقان اور دیگر موجود تھے ۔۔