ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر داخلہ کوپریشانی کا سامنا

خانگی ہاسپٹل کے افتتاح کے موقع پر لفٹ میں کچھ وقت کے لیے پھنس گئے
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی اور وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کو آج اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کی لفٹ اچانک رک گئی اور وہ پھنس گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایل بی نگر میں واقع ایک خانگی ہاسپٹل کے افتتاح کیلئے یہ دونوں حاضر ہوئے تھے۔ ہاسپٹل کی لفٹ میں تکنیکی خرابی کے سبب لفٹ راستہ میں اچانک رک گئی اور یہ دونوں اس موقف میں نہیں تھے کہ باہر نکل سکے۔ سیکوریٹی عملہ اس صورتحال پر چوکس ہوگیا اور 3 تا 5 منٹ تک ان دونوں کو لفٹ میں ہی رہنا پڑا۔ بعد میں سیکوریٹی عملے اور ہاسپٹل کے عملے نے کسی طرح محفوظ انداز میں دونوں کو لفٹ سے باہر نکالا ۔ سیکوریٹی عملے نے ہاسپٹل کے حکام پر لفٹ میں تکنیکی خرابی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر داخلہ کے محفوظ طریقہ سے باہر نکلنے کے بعد سیکوریٹی اور ہاسپٹل کے حکام نے اطمینان کی سانس لی۔