ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین کے رات دیر گئے شہر کے دورہ کی ستائش: کے ٹی آر

تعمیراتی کاموں کا جائزہ، میئر اور کمشنر بلدیہ اور چیف سکریٹری کو بھی دورہ کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔22اپریل، ( سیاست نیوز) ڈپٹی میئر حیدرآباد بابا فصیح الدین کی جانب سے رات کے اوقات میں بچھائی جانے والی سڑکوں کے کاموں کا جائزہ لینے پر وزیر آئی ٹی و شہری ترقیات کے ٹی آر نے اپنے ٹیوٹر اکاؤنٹ پر فصیح الدین کی دل کھول کر تعریف کرتے ہوئے میئر بی رام موہن، کمشنر جناردھن ریڈی، چیف سکریٹری اروند کمار اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ رات کے اوقات میں چلنے والے کاموں کا جائزہ لیں۔ آئندہ مانسون تک شہر کی تمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے بلدیہ اور ایچ ایم ڈی اے 721کروڑ کی لاگت سے جنگی خطوط پر کام انجام دے رہے ہیں اور اس مناسبت سے جن مقامات کے ٹنڈرس کنٹراکٹرس کی جانب سے حاصل کرلئے گئے ہیں وہاں پر رات کے اوقات میں کام جاری ہیں کیونکہ دن کے اوقات میں شدید ٹریفک کے مسائل درپیش ہورہے ہیں اور ان کاموں کی نگرانی و میٹریل کی تنقیح کیلئے ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین نے رات بھر مختلف علاقوں جیسے کاچی گوڑہ، بیگم پیٹ، جوبلی ہلز وغیرہ کا دورہ کیا اور انہوں نے اپنے دورے کی تفصیلات اپنے ٹیوٹر اکاؤنٹ پر اَپ لوڈ کیں اور وزیر آئی ٹی و شہری ترقیات کے ٹی آر نے دیکھ کر گریڈ جاب ڈپٹی میئر بابا کہتے ہوئے تعریف میں جواب ارسال کیا اور ساتھ ہی دیگر عوامی نمائندوں و اعلیٰ عہدیداروں کو بھی رات کے اوقات جاری کاموں کی نگرانی کرنے کا مشورہ دیا۔