ڈپو منیجرس آر ٹی سی کو فائدہ پہنچانے پر توجہ دیں

آر ٹی سی عہدیداروں کے ساتھ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( این ایس ایس ) : وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ ڈپو منیجرس کو آر ٹی سی کو ترقی کی راہ پر لے جاتے ہوئے اس کو منفعت بخش ادارہ بنانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی 150 نئی بسوں کا اضافہ کرنے کے لیے 50 کروڑ روپئے صرف کرتے ہوئے عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ آر ٹی سی کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس میں وزیر موصوف نے ڈپو منیجرس سے کہا کہ کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ کے لیے وہ سرگرم رول ادا کریں ۔ مہیندر ریڈی نے یہ بھی کہا کہ اضلاع سے ریاست کے دارالحکومت کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور اس کے لیے 500 نئی بسوں کا اضافہ کیا جائے گا اور کہا کہ حکومت نے اس سلسلہ میں فیصلہ کیا ہے ۔ مہیندر ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ خانگی آپریٹرس کو آر ٹی سی کا ریونیو نہ جانے پائے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ یاتری مقامات کے لیے خصوصی بسیں چلانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی حوصلہ افزائی کی جائے اور غیر قانونی آپریٹرس کو انتباہ دیا کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ مہیندر ریڈی نے عوام سے محفوظ اور بروقت سفر کے لیے آر ٹی سی بسوں کا استعمال کرنے کی بھی اپیل کی ۔۔