4 جولائی کو بھوپال گیس سانحہ کی آئندہ سماعت
واشنگٹن ۔ یکم جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ڈو کیمیکل کمپنی (DOW) کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاریہ ہفتہ بھوپال کی ایک عدالت میں حاضر ہوکر یہ وضاحت کرے کہ اُس کی معاون یونین کاربائیڈ کمپنی 1984ء میں رونما ہوئے بدترین حادثہ کی ذمہ دار ہونے کے باوجود عدالت میں حاضر ہونے کے سمن کو مسلسل نظرانداز کیوں کررہی ہے۔ 1984 ء کے بھوپال گیس سانحہ کو صدی کا بدترین سانحہ قرار دیا جاسکتا ہے جہاں زہریلی گیس میتھائل ایروسائینٹ کے اخراج نے ہزاروں افراد کو موت کی نیند سلادیا اور ہزاروں زندہ بچ جانے والے افراد پر آج بھی اس سانحہ کے اثرات پائے جاتے ہیں کیونکہ وہ یا تو معذور ہوچکے ہیں یا مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل یو ایس اے کے بین الاقوامی ایڈوکیسی ڈائریکٹر اور عالمی سطح پر انسانی حقوق کے ماہر سمجھے جانے والے ٹی کمار نے کہاکہ ڈو کمپنی کو عدالت کی جانب سے جاری کردہ سمن کا احترام کرنا چاہئے ۔ یہ بات سمجھ میں نہیں آئی کہ آخر کمپنی بھوپال کی عدالت میں پیش ہونے سے کیوں خوفزدہ ہے ؟ یہ ایک انتہائی افسوسناک بات ہے کہ ہم انصاف کے حصول سے قریب تر ہیں لیکن ڈوکمپنی پر عدالت میں حاضری کیلئے ہمیں عوامی دباؤ ڈالنا پڑتا ہے جبکہ آئندہ سماعت 4جولائی کو ہے ۔