نئی دہلی ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بھوٹان نے ہندوستانی اور چینی دستوں کے درمیان ڈوکلم میں 73 روزہ تعطل کے اختتام کا آج خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے سہ رخی جنکشن میں امن اور بھائی چارہ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ بھوٹان وزارت خارجہ نے کہا کہ بھوٹان ڈوکلم علاقہ میں کشیدگی اور تعطل کے بعد دونوں فریقوں کی جانب سے اپنی فوجی تعیناتی ہٹالینے کے اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ایک بڑی سفارتی کامیابی میں جس کے ذریعہ ہندوستان اور چین کے دستوں کے درمیان طویل تعطل ختم ہوا، گذشتہ روز ڈوکلم میں دونوں نے اپنے سرحدی جوانوں کو واپس ہٹا لیا۔