ڈوپنگ خاطیوں کیلئے جیل کی سزا زیرغور

نئی دہلی 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزارت اسپورٹس ڈوپنگ ٹسٹ میں ناکام ہونے والے کھلاڑی اور کوچس کے خلاف سخت اقدامات پر غور کرتے ہوئے جیل کی سزا متعارف کرنا چاہتی ہے۔ ہندوستان میں اِس قانون کے نفاذ کے لئے جرمنی اور آسٹریلیا کے قوانین کا بھی مطالعہ کیا گیا ہے۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ چند دن قبل وزیر اسپورٹس وجئے گوئل نے کہا تھا کہ ڈوپنگ کے خلاف مجرمانہ سزاؤں کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ ہمارا نظام کافی مضبوط ہے جو خاطیوں کو بہ آسانی پکڑ کر سزا دے سکتا ہے لیکن آج وزارت اسپورٹس نے یہ خدشہ ظاہر کیاکہ ڈوپنگ کا معاملہ جونیر سطح پر کافی تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اِسے سختی کے ساتھ ختم کرنا ضروری ہے۔
شاہ رخ خان کی دھونی میں دلچسپی
کولکتہ ۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے آئی پی ایل کے آئندہ سیزن میں ہندوستانی وکٹ کیپر بیٹسمین مہندر سنگھ دھونی کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کردی۔ شریک مالک اداکار شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ وہ تو اپنا پاجامہ فروخت کر کے بھی مہندر سنگھ دھونی کو خرید لیں لیکن ایسا اسی وقت ہو سکتا ہے جب وہ نیلامی میں دستیاب ہوں۔