لندن ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی شہریوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مجوزہ دورہ برطانیہ کے خلاف آن لائن درخواست کا ادخال کیا ہے جس کے تحت اب تک ٹرمپ کے مجوزہ دورہ کے خلاف دستخط کرنے والوں کی تعداد ایک ملین سے بھی تجاوز کر گئی ہے لہٰذا اب ٹرمپ کا دورہ ہوگا یا نہیں اس کے بارے میں برطانوی پارلیمنٹ میں مباحثہ ہوگا کیونکہ اس وقت ٹرمپ کے متنازعہ حکمنامہ کے خلاف ساری دنیا میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جنہوں نے سات مسلم ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں داخلہ پر پابندی عائد کردی ہے۔ تحریری عرضداشت جس کا عنوان ہے ’’برطانیہ کیلئے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے دورہ کو روکا جائے‘‘ کو یو کے پارلیمنٹ کی ویب سائیٹ پر تخلیق کیا گیا ہے اور پارلیمنٹ میں کسی مدعا پر مباحثہ کیلئے درکار 10 لاکھ سے زائد دستخطیں بھی حاصل ہوگئیں لہٰذا اب دارالعوام میں کل اس موضوع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور بعدازاں مباحثہ کیلئے تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔ آن لائن عرضداشت میں واضح طور پر یہ تحریر کیا گیا ہیکہ ڈونالڈ ٹرمپ کو امریکی سربراہ کی حیثیت سے برطانیہ کا دورہ کرنے کی اجازت ضرور دی جائے لیکن انہیں ملک کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت نہیں دی جانی چاہئے کیونکہ اس سے عزت مآب ملکہ کا وقار مجروح ہوگا۔