ڈونالڈ ٹرمپ کا امریکی فوج کو خلائی فورس کی تشکیل کا حکم

واشنگٹن ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی چھٹی شاخ کے قیام کے لیے کام شروع کرے جو کہ ‘خلائی فوج’ ہو گی۔امریکی صدر نے پیر کو کہا کہ اس نئی شاخ کے قیام سے قومی سلامتی اور معیشت کو مدد ملے گی کیونکہ اس سے روزگار ملے گا۔انھوں نے کہا ’یہ صرف کافی نہیں ہے کہ خلا میں امریکی موجودگی ہو۔ ہم پر لازم ہے کہ خلا میں امریکی غلبہ ہو۔‘وائٹ ہاؤس میں بات کرتے ہوئے انھوں نے عزم کیا کہ امریکہ ایک بار پھر چاند پر امریکی راکٹ بھیجے گا اور پھر مریخ پر۔’میں محکمہ دفاع اور پینٹاگون کو حکم دیتا ہوں کہ فوری طور پر آرمڈ فورسز کی چھٹی شاخ اسپیس فورس کے قیام پر کام شروع کریں۔‘انھوں نے مزید کہا کہ یہ بات قابل قبول نہیں ہے کہ چین اور روس کو خلا میں سبقت حاصل ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وفاقی ایجنسیوں کو احکامات جاری کریں گے کہ اسپیس ٹریفک مینجمنٹ کے لیے جدید فریم ورک مرتب کریں۔فی الحال اس نئی اسپیس فورس کے بارے میں مزید تفصیلات مہیا نہیں کی گئی ہیں۔