ڈونالڈ ٹرمپ قوم کیلئے شرمندگی کا باعث : کولن پاویل

واشنگٹن۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)سابق امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ کولن پاویل نے ری پبلیکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کو ’’قومی شرمندگی کا باعث ‘‘اور ’’بین الاقوامی فرعون‘‘ قرار دیا تھا جو خود کو خود کو تباہ کرلینے کے راستے پر چل پڑا ہے۔ افشا ہونے والی ای۔ میلس کے مطابق انھوں نے رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار کو قوم کے لیے باعث ’شرمندگی‘ قرار دیا تھا۔کولن پاویل جن کا اپنا تعلق بھی رپبلکن پارٹی سے تھا اور وہ جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے کا یہ بیان ان کی ذاتی ای میل کے ہیک ہونے کی صورت میں منظر عام پر آیا ہے۔ان کی یہ ای میل ڈی سی لیک ڈاٹ کام پر شائع کی گئی ہے۔ اس ویب سائٹ نے حال ہی میں بہت سے اہم افراد کے ای میل اکاؤنٹ ہیک کیے ہیں۔مسٹر پاؤل جو کہ اب تک کی انتخابی مہم میں خاموش دکھائی دے رہے تھے نے کہا ہے کہ وہ اس پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گے مگر انھوں نے اپنے اس بیان سے انکار بھی نہیں کیا۔ان کے ترجمان نے بھی سی بی ایس نیوز کو تصدیق کی کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے اور انھیں اندازہ نہیں کہ یہ کس نے کیا اور وہ اس وقت اس پر مزید تبصرہ نہیں کر سکتے۔‘سابق امریکی وزیر خارجہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں ان خیالات کا اظہار رواں برس 17 جون کو صحافی ایملی میلر کو بھجوائی گئی ایک ای میل میں کیا تھا جو ان کی سابقہ معاون رہ چکی ہیں۔