واشنگٹن ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی صدارت کا خواب دیکھنے والے ارب پتی ڈونالڈ ٹرمپ اتوار کی رات ایک اور یہودی بچے کے نانا بن گئے۔ اس خبر کا اعلان ٹرمپ کی بیٹی اور بچے کی ماں ایوانکا نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر کیا۔ ایوانکا اپنے والد ٹرمپ کی پہلی بیوی سے ہیں، ٹرمپ نے چیکوسلواکیہ سے تعلق رکھنے والی ایوانا سے 1977 میں شادی کی تھی اور پھر 1992 میں طلاق دے دی۔ جہاں تک ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا کا تعلق ہے تو اس نے 2009 میں ایک یہودی امریکی تاجر جیئرڈ کوشنر سے شادی کرنے کے لیے یہودی مذہب اختیار کرلیا تھا۔ نومولود "تھیوڈور جیمز” کے دو بہن بھائی اور بھی ہیں۔ یہ چار سالہ اربیلا روز اور دو سالہ جوزف فریڈرک ہیں۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ ان دونوں یہودی بچوں کے پاس اسرائیلی شہریت ہے۔لہٰذا انتخابات میں جیت کی صورت میں ڈونالڈ ٹرمپ وہ پہلے امریکی صدر ہوں گے جو کسی اسرائیلی بچے کے نانا ہیں۔ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ’’یہ ہمیشہ یہودی ریاست رہے گی‘‘ اور اسرائیل سے ان کو شدید محبت ہے۔