ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینکس میں مختلف جائیدادوں پر تقررات

تقررات کے عمل کو شروع کرنے کی ہدایت ، اعلیٰ سطحی کمیٹی کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ کے ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینکس میں پائی جانے والی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کی مجاز اعلیٰ سطحی کمیٹی نے 600 کلرکس و اسسٹنٹ منیجرس اور 500 اٹنڈرس کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے اور جائیدادوں پر تقررات کے عمل کو فوری شروع کردینے کی بینک کو ہدایت دی ہے ۔ اگریکلچر کوآپریٹیو ڈپارٹمنٹ کے پرنسپال سکریٹری مسٹر پارتھا سارتھی کی زیر قیادت کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینکس کی کارکردگی کو مزید موثر و فعال بنانے ، ڈپازٹس میں اضافہ کرنے اور نئے ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینکس کا قیام عمل میں لانے کے علاوہ روپے کارڈز کو مزید استعمال میں لانے کا بھی اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ علاوہ ازیں مذکورہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ریاستی اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک انتظامیہ کو ضروری ہدایات دی گئیں ۔۔