ڈرون طیارے اب لکھنؤ پولیس کا ہتھیار ،بے قابو ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے استعمال

لکھنؤ۔/3اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام )ڈرون طیارے اب خصوصی فریضہ انجام دیں گے جبکہ لکھنؤ پولیس کا یہ منصوبہ ہے کہ آسمان سے نگرانی کے علاوہ ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے ان طیاروں کا استعمال کیا جائے۔ بغیر پائیلٹ کا یہ چھوٹا سا طیارہ اتر پردیش کے مختلف حساس مقامات میں فضائی تصاویر لینے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے اور اب پہلی مرتبہ بے قابو ہجوم پر کنٹرول کیلئے جدید ٹکنالوجی کا شاہکار طیارہ استعما ل ہوگا۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ مسٹر یشاوی یادو نے بتایا کہ 2کلو وزن اٹھانے کے قابل 5ڈرون کیمرے خریدے گئے ہیں اور ان طیاروں کو نظم و ضبط سے عاری ہجوم پر پیپر پاؤڈر ( سیاہ مرچ ) چھڑکنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لکھنؤ شہر میں گزشتہ سال محرم اور لکھنؤ میں اُتسو اور یوم جمہوریہ پریڈ پر نگرانی کیلئے ڈرون کیمرے استعمال کئے گئے تھے چونکہ ڈرون کیمرے کارآمد ثابت ہوئے ہیں جس کے پیش نظر انہیں کرایہ پر حاصل کرنے کی بجائے خرید لینے کا فیصلہ کیا گیا اور اب فضاء سے نگرانی کیلئے پورے شہر میں استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لکھنؤ پولیس غالباً ہندوستان میں پہلی مرتبہ ہائی ٹیک طیاروں کے ذریعہ امن و قانون کی صورتحال پر نگرانی رکھے گی اور ڈرون طیارے نہ صرف جرائم کی روک تھام میں تعاون کریں گے بلکہ مجرموں پر نگرانی رکھنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ واضح رہے کہ بغیر پائیلٹ کے یہ طیارے جو کہ ڈرونس (Droncs) کے نام سے مشہور ہیں انہیں ریمو ٹ کے ذریعہ چلایا جاتا ہے اور اس کی شکل مکڑی کی طرح ہوتی ہے۔ ایس ایس پی لکھنؤ نے بتایا کہ ایک ڈرون طیارہ کی قیمت 6لاکھ روپئے ہے اور ایک کلو میٹر تک 600میٹر کی بلندی پر پرواز کرسکتا ہے اور ان طیاروں کی پولیس کو حوالگی توقع ہے کہ اکھلیش یادو جاریہ ماہ انجام دیں گے۔ اب تک ڈرون طیارے ہالی ووڈ فلموں میں دیکھے جاتے تھے اب یہ لکھنؤ کے آسمان پر نظر آئیں گے ، جس کا عملی تجربہ حال ہی میں ایودھیا میں وشوا ہندو پریشد کے رام اتسو پر نگرانی کیلئے کیا گیا تھا۔