بھونگیرمیں ٹریکٹر موسیٰ ندی میں گر گیا ، 4 کی حالت تشویشناک ، غم زدہ ورثاء کو سیاسی قائدین کی تعزیت
بھونگیر ۔ 24 جون ( سیاست نیوز) یادادری بھونگیر ضلع کے ولی گونڈہ منڈل کے موضع ویمولاکنڈہ میں ٹریکٹر ڈرائیور کی لاپرواہی کے سبب ایک ٹریکٹر موسیٰ ندی میں گرگیا جس میں سوار تقریباً 30 کھیت مزدوروں کے منجملہ 15 کی مقام حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی جن میں 14 خواتین اور ایک کمسن لڑکا شامل ہیں۔ اس حادثہ میں شدید زخمی کو ایریا ہاسپٹل رامنا پیٹ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹرس کے نہ ہونے کی اطلاعات ہیں جس سے زخمیوں کے متعلقین رامنا پیٹ میں احتجاج کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری حیدرآباد منتقل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ 4 شدید زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ذرائع کے بموجب ٹریکٹر مالک و ڈرائیور نیلور کا متوطن وینکٹ نارائنا ویمولا کونڈہ کے اطراف کے علاقوں میں زمین قول پرلے کر کپاس کی کاشت کر رہا تھا ۔آج صبح تقریباً 10:30 بجے اپنے ذاتی ٹریکٹر میں کھیت میں کام کرنے والے30 مزدوروں کو لے کر جن میں اکثریت عورتوں کی تھی انہیں ویمولا کونڈہ سے متصل دیہات لکشما پورم لے جا رہاتھا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق ڈرائیور ایک ہاتھ سے سگریٹ پیتے ہوئے اور دوسرے ہاتھ سے فون پر بات کرتے ہوئے 15 فٹ کی چھوٹی سڑک پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے توازن کھو بیٹھا اور اس لاپرواہی کے سبب یہ خوفناک حادثہ پیش آیاجس سے 15قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوگئیں ۔ حادثہ کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا ۔ اس حادثہ میں لکشمی ‘ انوشا ‘ لکشمماں ‘ رامولماں ‘ چندونرمدا ‘ بھاگیہ لکشمی ‘ مادھوی ‘ مریماں ؍ بھاگیماں ‘ کویتا ‘ سورپا ‘ انڈالو ‘ مینما اورڈھائی سالہ لڑکے کی شناخت ہوئی ہے ۔ مقامی افراد کی فوری امداد کی وجہ سے دیگر زخمیوں کو بروقت بچا جاسکا ۔ کانگریس کے انل کمار ریڈی ‘ ٹی روی کمار ‘ سی پی ایم کے جہانگیر ‘ بی ایس پی کے بٹورامچندریا ‘ جٹابالکرشنا ریڈی ‘ اور ریتو کولی سنگم کے دیگر قائدین نے دھرنا منظم کیا اور حکومت سے مہلوکین کے ورثہ کو 10 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا ۔ جگدیش ریڈی نے مہلوکین کے ورثاء و زخمیوں کو حکومت کی جانب سے امداد دلوانے کا تیقن بھی دیا ۔ بھونگیر ایم ایل اے پائیلا شیکھرریڈی نے مہلوکین کا پوسٹ مارٹم ویمولا کنڈہ کے پی ایچ سی سنٹر ہی میں کرنے کے احکامات دیئے ۔ ضلع کلکٹر انیتا رامچندرن ‘ جے سی روی نائک ‘ چوٹ اپل آر ڈی او سورج کمار ‘ اور راچہ کونڈہ بھونگیر زون ڈی سی پی رامچندرا ریڈی ‘ اے سی پی جتیندر ریڈی و دیگر عہدیداران بھی مقام حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ پولیس حادثہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔