حیدرآباد 6 جولائی ( این ایس ایس ) کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے آج سینئر انجینئرنگ عہدیداروں اور متعلقہ کنٹراکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ مختلف پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کاموں میں تیزی پیدا کریں ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے اڈیشنل کمشنر ( ہاوزنگ ) بی ہولیکیری اورچیف انجینئر سریش کے ہمراہ رام پلی ولیج کیسرا منڈل میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کے مقام اور میڑچل حلقہ کے دوسرے پراجیکٹس کا دورہ کیا ۔کمشنر نے سینئر عہدیداروں کے ہمراہ رام پلی گاوں کا دورہ کیا جہاں 52 بلاکس میں 6264 ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ ہر بلاک میں 120 مکانات ہیں۔ یہ اسکیم 41 ایکڑ اراضی پر سال 2016-17 میں شروع کی گئی تھی ۔ ہر یونٹ پر 8.65 لاکھ روپئے کا خرچ ہو رہا ہے اور اس پورے پراجیکٹ پر 54183.60 لاکھ روپئے خرچ ہو رہے ہیں۔ بعد ازاں اس ٹیم نے احمد گوڑہ بنڈلہ گوڑہ گرام پنچایت میڑچل کا بھی دورہ کیا جہاں 4428 ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ یہاں 41 بلاکس ہیں ۔ یہاں بھی ہر یونٹ کی تعمیر پر 8.65 لاکھ روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ عہدیداروں نے کمشنر بلدیہ کو تعمیرات کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔