ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیم میں بے قاعدگیوں پر چیف منسٹر کی برہمی

اعلیٰ سطح پر تحقیقات کے ذریعہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت ، خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے حکومت کی باوقار ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیم میں بڑے پیمانے کی بے قاعدگیوں کی اطلاع موصول ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کراتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیم کو ٹی آر ایس نے ایک اہم انتخابی موضوع کے طور پر عوام کے سامنے پیش کرتے ہوئے ریاست میں 2.70 لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ لیکن 4 سال کے دوران صرف 10 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات ہی تعمیر کئے گئے ہیں جس کو بنیاد بناتے ہوئے اپوزیشن ٹی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ دوسری طرف ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم کے دوران اضلاع بھدرادری کتہ گوڑم ، سوریہ پیٹ ، محبوب نگر ، میدک اور کھمم میں بڑے پیمانے کی بے قاعدگیاں ہونے کی اطلاعات وصول ہونے کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کی ذمہ داری ریاستی انٹلی جنس کو سونپی ۔ ڈی ایس پی عہدے کے عہدیدار کو اس کی تحقیقات کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ ان متذکرہ اضلاع میں ( لاٹری ) قرعہ اندازی کے بجائے ۔ استفادگان کو نامزد کرتے ہوئے ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کرنے کی شکایتیں وصول ہوئی ہیں ۔ تحقیقات کے دوران 4 موضوعات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ جنہیں ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کیے گئے ۔ وہ اس اسکیم کے اہل ہے یا نہیں ارکان اسمبلی یا ان کے حامیوں کا رول کیا ہے ۔ تحصیلدار کا اس میں کیا رول ہے ۔ سرکاری اراضی نہ ہونے کی صورت میں خانگی اراضی کی خریدی میں کیا کوئی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں ان تمام کی تفصیلات کو رپورٹ کی شکل میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ بے قاعدگیوں میں ارکان اسمبلی ، ٹی آر ایس کے قائدین یا تحصیلدار جو کوئی بھی ذمہ دار ہیں ان سب کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے ۔ بھدرا چلم میں مکانات کی تقسیم میں بے قاعدگیاں منظر عام پر آنے کے بعد مقامی تحصیلدار نے طویل رخصت حاصل کرلی ہے ۔ بھدرا چلم میں 10 نا اہل افراد کو ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کرنے کا بھی پتہ چلا ہے ۔۔