۔23 اور 24 جولائی دھرنا پروگرام ، سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹری سی وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔18جولائی(سیاست نیوز) ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی میںتاخیر کے خلاف ریاست بھر میںمنڈل سطح پر 23اور24جولائی کو احتجاجی دھرنا پروگرام منعقد کرنے کا تلنگانہ اسٹیٹ سی پی آئی نے اعلان کیا ہے۔ آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میںمجوزہ پروگرام کے پوسٹرس کی اجرائی کے بعد سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ تین سال کے عرصہ میںڈبل بیڈروم مکانات کی اجرائی میں حکومت تلنگانہ پوری طرح ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مکانات کی فراہمی کے لئے ایوان اسمبلی میں چیف منسٹر اور متعلقہ وزیر بلند بانگ دعوے تو کئے ہیں مگر ان دعوئوں کو عملی جامہ پہنانے میں حکومت ناکام رہی ہے۔ سی پی آئی قومی عاملہ کے رکن وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ کم قیمت پر ریت اورسمنٹ کی فراہمی کے اعلان کے باوجود ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کے لئے کنٹراکٹر کی عدم رضامندی کی وجہہ کیاہے۔ انہو ںنے کہاکہ پانچ لاکھ سے زائد غریب خاندان ہیں تاہم اب تک صرف سات ہزار ڈبل بیڈروم مکانات کی اجرائی عمل میںلائی گئی ہے۔ سابقہ کی حکومتوں میںلاکھ ایکڑ سرکاری اراضی غریب او ربے گھر لوگوں میںتقسیم کی گئی مگر پچھلے چار سالوں میںحکومت تلنگانہ نے ایک گز زمین بھی کسی غریب او ربے گھر افراد کو نہیں دی ہے۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ ڈبل بیڈروم مکانات کی اجرائی میںتاخیر کے خلاف سی پی ائی ریاست بھر میںحکومت کا گھیرائو کریگی ۔ سکریٹری ای ٹی نرسمہا‘ گیلویا اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔