ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر میں تاخیر اور چارمینار بس اسٹانڈ کی منتقلی کیخلاف انتباہ

بہوجن لفٹ فرنٹ کے وفد کا مختلف مقامات کا دورہ، ٹی ویرا بھدرم
مجیداللہ خان فرحت و دیگر کا احتجاج
حیدرآباد ۔ یکم اگست (سیاست نیوز) بہوجن لفٹ فرنٹ( بی ایل ایف) کے قائدین نے آج پرانے شہر کاہنگامی دورہ کرتے ہوئے مقامی لوگوں سے ملاقات کرکے درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ گوشہ محل اسمبلی حلقہ کے ضیاء گوڑہ منڈی ‘ اور وہاں پر جاری ڈبل بیڈورم مکانات کی تعمیرات کاجائزہ لینے کے بعد بی ایل ایف قائدین ‘ بنڈلہ گوڑہ ایم آر او دفتر کا بھی گھیر ائو کیااور اس کے حدود میںزیر تعمیر ڈبل بیڈروم مکانات میںتاخیر اور دھاندلیوں کے خلاف عہدیداروں کوسخت انتباہ بھی دیا۔ بعدازاں وفد نے چارمینار قدیم بس اسٹانڈ کا معائنہ کرکے میوہ فروشوں سے ملاقات کرکے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ وہاںسے کا وفد عثمانیہ ہاسپٹل پہنچا ۔ ہاسپٹل انتظامیہ کے علاوہ وفد نے ہاسپٹل میںزیر علاج مریضوں سے بھی ملاقات کی۔ سی پی آئی ایم اسٹیٹ جنرل سکریٹری وکنونیر بی ایل ایف ٹی ویرا بھدرم ‘صدر مجلس بچائو تحریک وکنونیر بی ایل ایف مجید اللہ خان فرحت ‘ چیرمین بی ایل ایف این سوریہ پرکاش‘ سٹی سکریٹری تنظیم آواز جناب علی عباس ‘جناب شیخ ستار‘ جناب سکندر خان‘ کے علاوہ بی ایل ایف کے دیگر قائدین اور سینکڑوں کارکنوں نے اس احتجاجی پروگرام میں حصہ لیا۔صدر تحریک مجید اللہ خان نے ضیاء گوڑہ منڈی کو عصری بنانے او رمقامی تاجرین کے ساتھ انصاف کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ضیاء گوڑہ منڈی کو خانگی ادارے کے حوالے کرنے کی ساز ش کی جانکاری ملی ہے جس کی وجہہ سے بی ایل ایف قائدین کا وفد یہاں پر پہنچاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کوچاہئے کہ ضیاء گوڑہ منڈی کو خانگی ادارے کے حوالے کرنے کے بجائے اپنی نگرانی میںحکومت مذکورہ منڈی کو عصری بناتے ہوئے تاجرین کو سہولت فراہم کرے۔ یہاں زیرتعمیرڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر میںتاخیر پر حکومت کو سخت تنقید کانشانہ بنایا۔ بنڈلہ گوڑہ منڈل پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مجید اللہ خان فرحت نے کہاکہ چندرائن گٹہ اسمبلی حلقہ میں کئی سو ایکڑ سرکاری اراضی کو مقامی جماعت کے کارکنوں نے غیرمجاز قبضے کے ذریعہ فروخت کرنے پر ایم آر او سے سروے کرنے اور سرکاری اراضیات کی نشاندہی پر مشتمل رپورٹ تیار کرنے پر زور دیا۔ انہو ںنے چندرائن گٹہ میںڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم سے مستحقوں کومحروم کرنے کا بھی حکومت اور متعلقہ حکام پر الزام عائد کیا۔چارمینار قدیم بس اسٹانڈ پر مقامی میوہ فروشو ں سے ملاقات کے بعد انہو ںنے کہاکہ چارمینا ر کے اطراف واکناف میںٹھیلہ بنڈی پر میوہ فروخت کرنے والوں کو وہاں سے ہٹاکر بازآبادکاری کے نام پر کچر ے کے ڈھیر پر لاکر بیٹھا دیاگیا ہے۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے کہاکہ چارمینا ر بس اسٹانڈ کی منتقلی کے بعد یہاں کی کھلی اراضی پر لینڈ گرابرس کی نظر ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ یہاں پرہمہ منزلہ عمارت کی تعمیر کے ذریعہ ہاکرس کامپلکس کا قیام عمل میںلائے ۔ عثمانیہ ہاسپٹل کی حالت زار پر بی ایل ایف کنونیر وصدر تحریک نے کہاکہ آصف جاہی دور میںتعمیرکردہ اس عمارت کی دیکھ بھال او رآہک پاشی کے لئے چیف منسٹر نے ایک سو کروڑ کے فنڈ کا اعلان کیاتھا مگر اب تک ایک روپیہ بھی جاری نہیںکیاگیا ہے۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے فرحت خان نے کہاکہ حکومت ایک ہزار کروڑ کی اجرائی کے ذریعہ اس تاریخی عمارت کی عظمت رفتہ کو بحال کرے اور ہاسپٹل میںبنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ موثر علاج کی سہولتیں بھی فراہم کرے۔ انہوں نے ہاسپٹل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ہاسپٹل کے حال سے نکالی گئی آصف جاہ سابع کی تصویر اسی مقام پر لگانے کاکام کیاجائے اور کہاکہ آصف جاہ سابع ہی نے اس عظیم عمارت کی تعمیر کے ذریعہ ریاست کی عوام کو مفت علاج ومعالجہ کی سہولت فراہم کی تھی جو آج بھی لاکھوں عوام کے لئے باعث راحت بنی ہوئی ہے۔