نوجوان ملزمین کے والدسے شکایت کا شاخسانہ
میرٹھ۔/15 اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) اُلٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق تین نوجوانوں نے ایک ڈاکٹر کو مار مار کر صرف اس لئے ہلاک کردیا کہ اس نے تینوں ملزمین کے خلاف اس کی بیٹی کو چھیڑنے پر شکایت کی تھی۔ یہ واقعہ ضلع کے انچولی علاقہ میں رونما ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول ڈاکٹر کے رشتہ داروں نے جو ایف آئی آر درج کروائی ہے اس کے مطابق ڈاکٹر اندریش پراشر پر کل رات تین نامعلو م افراد نے اسوقت حملہ کیا جب وہ اپنے دواخانے سے گھر واپس آرہے تھے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر کا راستہ روک کر تینوں ملزمین جن کے نام نشو، راہول اور مینک بتائے گئے ہیں ، ڈاکٹر پر آہنی سلاخوں سے حملہ کردیا۔ ڈاکٹر نے خود کو بچانے کیلئے بھاگنا شروع کردیا اور ایک جمنازیم میں پناہ لی لیکن حملہ آور وہاں بھی پہنچ گئے اور بالآخر مار مار کر ڈاکٹر کو نیم مردہ کردیا۔ پولیس کے وہاں پہنچنے کے بعد ڈاکٹر کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ نشو نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مابقی دو ملزمین کی تلاش جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آور ، ڈاکٹر کے پڑوس میں ہی رہتے تھے اور اکثر ڈاکٹر کی بیٹی کو چھیڑا کرتے تھے۔ جب پانی سر سے اونچا ہوگیا تو ڈاکٹر نے ان لڑکوں کے والد سے ان کی شکایت کی جس پر برہم نوجوانوں نے ڈاکٹر کو ہی ہلاک کردیا۔