لکھنو 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے گورکھپور کے ڈاکٹر کفیل خان کے بھائی پر حالیہ حملہ پر اظہار تشویش کیا ہے ۔ ماہر امراض اطفال ڈاکٹر کفیل خان کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ڈاکٹر کے بھائی کاشف جمیل پر حملہ سے واضح ہوجاتا ہے کہ اترپردیش میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی ابتر ہے ۔ کاشف جمیل پر اتوار کی رات گورکھپور میں حملہ کیا گیا تھا اور اب انہیں جارج میڈیکل یونیورسٹی ٹراما سنٹر لکھنو میں داخل کیا گیا ہے ۔ راہول گاندھی نے اس کیس میں پولیس کا لاپرواہی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ یو پی کانگریس کے لیڈر امرناتھ اگروال نے یہ بات بتائی ۔ اگروال نے کہا کہ کانگریس صدر نے ڈاکٹر کفیل خان کی ستائش کی اور کہا کہ وہ انتہائی مشکلات کے باوجود اپنی عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ کرنے تیار نہیں ہیں۔ ریاستی حکومت نے ان کے ساتھ انتقامی رویہ اختیار کیا ہوا ہے ۔ کفیل خان نے کل یو پی کے اڈیشنل ڈی جی پی سے ملاقات کرکے پولیس عہدیداروں کی لاپرواہی کی شکایت کی تھی ۔یہ شکایات سامنے آ رہی ہیں کہ پولیس نے کاشف جمیل کے علاج میں تاخیر کی ہے ۔
راہول گاندھی کی بی جے پی اور
آر ایس ایس پر تنقید
نئی دہلی ۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج آر ایس ایس اور بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ نفرت کی زہریلی سیاست پر عمل پیرا ہیں چنانچہ تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔