ڈاکٹر کفیل خان گرفتار، 14 دن کیلئے عدالتی تحویل میں

گورکھپور سرکاری ہاسپٹل میں
بچوں کی اموات کا سانحہ

گورکھپور۔3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے سابق نوڈل آفیسر اے ای ایس وارڈ بابا راگھو داس میڈیکل کالج کو گزشتہ ماہ اندرون 48 گھنٹے 30 بچوں کی اموات کے سلسلے میں کل گرفتار کرلیا۔ سرکاری ہاسپٹل میں بچوں کی اموات کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 13 بچے فوت ہوگئے۔ اس طرح جاریہ سال اب تک مجموعی طور پر 1317 بچوں کی اموات ہوئی ہیں۔ کالج کے نوتقرر کردہ پرنسپل ڈاکٹر پی کے سنگھ نے بتایا کہ 13 بچوں کے منجملہ 10 اموات این آئی سی یو اور 3 جنرل پڈیاٹرک وارڈ میں ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ دماغی بخار کے لئے مخصوص وارڈ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی اموات نہیں ہوئیں تاہم 53 بچوں کو اس وارڈ میں شریک کیا گیا ہے۔ مقامی عدالت کی جانب سے ڈاکٹر کفیل خان کے بشمول 7 ملزمین کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کے دوسرے دن ایس ٹی ایف نے ڈاکٹر کفیل خان کو گورکھپور کے مضافات میں حراست لے لیا۔ انہیں مجسٹریٹ سریندر کمار سنگھ کے روبرو پیش کیا گیا جنہوں نے 14 دن کیلئے عدالتی تحویل میں دے دیا۔ ایس ٹی ایف کی اس مقدمہ میں یہ تیسری گرفتاری ہے جبکہ سابق پرنسپل میڈیکل کالج راجیو مشرا اور ان کی اہلیہ پورنیما کو 29 اگست کو ایس ٹی ایف نے تحویل میں لیا تھا۔