گورکھپور (یوپی) ۔ یکم اگسٹ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) ڈاکٹر پورنیما شکلا ، جنھیں گزشتہ سال یہاں سرکاری دواخانہ میں تقریباً 60 بچوں کی موت کے سلسلہ میں بک کیا گیا تھا ، سپریم کورٹ کی جانب سے انھیں ضمانت منظور کرنے کے بعد کل شام ڈسٹرکٹ جیل سے باہر آئیں۔ ڈاکٹر شکلا، ڈاکٹر راجیو مشرا ، سابق پرنسپل بی آر ڈی میڈیکل کالج کی اہلیہ ہیں، جہاں پراموات ہوئی تھیں۔ جیل سپرنٹنڈنٹ رامدھانی نے کہاکہ ’’ڈاکٹر پورنیما شکلا کو سپریم کورٹ کی جانب سے انھیں 27 جولائی کو ضمانت منظور کئے جانے کے بعد کل شام جیل سے رہا کیا گیا ‘‘۔ ڈاکٹر پورنیما شکلا مسکراتے چہرے کے ساتھ جیل سے باہر آئیں اور ان کے بیٹے اور شوہر ڈاکٹر مشرا کو گلے لگایا جو انھیں لینے آئے تھے ۔