ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج اولین بیاچ کی 95 فیصد طالبات کامیاب

حیدرآباد۔27؍مارچ۔ (پریس نوٹ) آزاد ہندوستان کے پہلے ویمنس میڈیکل کالج ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس کے اولین بیاچ (2010) کے فائنل امتحانات کے نتائج 95فیصد رہے۔ یہ امتحانات جنوری فبروی2015 میں ڈاکٹر این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسس وجئے واڑہ نے منعقد کئے تھے۔ ڈاکٹر وی آرکے ویمنس میڈیکل کالج کے تعلیمی سال کا 2010 سے آغاز ہواتھا۔ عزیز نگر آرآر ڈسٹرکٹ میں اس کے اڈمنسٹریٹیو بلاک کا اس وقت کے مرکزی وزیر صحت جناب غلام نبی آزا دنے افتتاح کیاتھا اور بانی و چیف پروموٹر شاداں گروپ تعلیمی ادارہ جات ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان کو مبارک باد پیش کی تھی کہ ان کی کاوشوں سے آزاد ہندوستان کے پہلے ویمنس اور میناریٹی میڈیکل کالج کا قیام ممکن ہوسکا جس کی بدولت غریب اور متوسط مسلم طالبات کے ڈاکٹر بننے کے خواب پورے ہوسکے۔شاداں گروپ کے تحت ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج دوسرا میڈیکل کالج ہے جبکہ پہلا میڈیکل کالج شاداں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس ہے، دونوں میڈیکل کالج کے تحت ہاسپٹلس ضلع رنگاریڈی کے علاوہ حیدرآباد کے عوام کی طبی نگہداشت میںاہم رول ادا کررہے ہیں۔ ان دو کالجوں کی جانب سے گزشتہ ایک برس سے ڈاکٹر وزارت رسول خان میگا ہیلتھ کیمپس کا اہتمام کیاجارہاہے جس میں مفت تشخیص، علاج، ادویات سرجریز کے علاوہ لنچ کا انتظام کیاجارہاہے۔