حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : شاداں گروپ کے تحت چلنے والے تعلیمی ادارے جات جن میں انجینئرنگ کالجس و میڈیکل کالجس بشمول آزاد ہندوستان کا پہلا ویمنس میڈیکل کالج ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج ،ٹیچنگ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر کے علاوہ کے جی تا پی جی ادارے جات قائم ہیں ان اداروں کے بانی ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان مرحوم ہیں جن کی انتھک محنت و کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ کے جی تا پی جی عصری علوم سے آراستہ انجینئرنگ اینڈ میڈیکل کالجس اور ہاسپٹلس قائم کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان اپنی زندگی میں جس عز م و ارادہ کے تحت مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی ترقی و خوشحالی کا خواب دیکھا تھا وہ ان کی زندگی میں ہی ثمر آور ثابت ہوا اور الحمد للہ محترمہ شاداں وزارت رسول خان اہلیہ ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان مرحوم اور ان کے چاروں صاحبزادوں کی جانب سے ڈاکٹر صاحب مرحوم کی جانب سے دیکھے گئے خواب کو مزید شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے ان ہی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کاروانِ تعلیم رواں دواں ہے۔ ان اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کوملک کے دوسرے اداروں سے ہم آہنگ کرنے اور قومی سطح پر ان میں ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے عملی طور پر حصہ لینے کا جذبہ پیدا کیا جاتا ہے اسی سلسلہ میں حکومت ہند کی جانب سے شروع کردہ سوچھ بھارت ابھیان (صاف ستھرائی) پروگرام کا اہتمام ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج ٹیچنگ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر معین آباد میں کیا گیاجس کی سرپرستی ڈاکٹر محمد صارب رسول خان مینیجنگ ڈائرکٹر شاداں و ڈاکٹر وی آر کے میڈیکل کالجس اینڈ ہاسپٹلس نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر اے وائی چاری ڈین ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج، ٹیچنگ ہاسپٹل، ڈاکٹر ملتانی انچارج ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وی آرکے ہاسپٹل ، جناب غوث محی الدین علی اڈوائزر ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج و ٹیچنگ ہاسپٹل، ڈاکٹر خواجہ ناصر الدین اڈمنسٹریٹر ڈاکٹر وی آر کے ہاسپٹل کے علاوہ 400طالبات اور کم و بیش 200فیکلٹیز نے صبح 10بجے تا دوپہر2بجے تک میڈیکل کالج اور ہاسپٹل کی صفائی کی اورکالج و ہاسپٹل کے باہر سڑک پر بھی صفائی انجام دی۔