چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے جگن کی طرف سے رقمی پیشکش کی تردید
امراوتی۔/27مارچ، ( پی ٹی آئی) نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر فاروق عبداللہ کے خلاف وائی ایس آر کانگریس نے چہارشنبہ کو ہتک عزت کا ایک مقدمہ دائر کیا۔ فاروق عبداللہ نے الزام عائد کیا تھا کہ جگن موہن ریڈی نے انہیں متحدہ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر بنانے کیلئے ایک1500 کروڑ روپئے کی پیشکش کی تھی۔ فاروق عبداللہ نے حکمراں تلگودیشم پارٹی کی کڑپہ میں منعقدہ ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران یہ الزام عائد کیا تھا۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر نے جگن موہن ریڈی پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اپنے والد ( سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی ) کے انتقال کے فوری بعد اس عہدہ کیلئے یہ پیشکش کی تھی۔ فاروق عبداللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ’’ جگن اسوقت میرے گھر آئے تھے جب آندھرا پردیش متحد تھا، میں انہیں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ اگر کانگریس انہیں چیف منسٹر بناتی ہے تو وہ 1500 کروڑ روپئے دینے کیلئے تیار ہیں‘‘۔ وائی ایس آر کانگریس کے جنرل سکریٹری سجلہ سرینواس ریڈی نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر ریاستی چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ساز باز کے ساتھ جگن پر بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔