نئی دہلی ۔ 5 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج بتایا کہ مختلف شعبوں میں سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر عبدالکلام کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ایک یادگار قائم کی جائے گی ۔ وزیر سائنس و ٹکنالوجی مسٹر ہرش وردھن نے آج لوک سبھا میں بتایا کہ مرکزی کابینہ اس خصوص میں بہت جلد غور و خوض کرے گی ۔ تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائی۔ ڈاکٹر عبدالکلام سال 2002-07 میں صدر جمہوریہ کے عہدہ پر فائز رہے اور گزشتہ ماہ 27 جولائی کو انتقال ہوگیا تھا، جنہوں نے سائنس ، اقدار اور تعلیم سے متعلق مختلف امور میں گرانقدر خدمات انجام دی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ عبدالکلام کی خدمات پر کوئی اختلاف رائے نہیں ہے اور حکومت یقیناًان کے نام پرایک ایوارڈ قائم کرے گی۔