نئی دہلی 88 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ذرا تصور کیجئے کہ آپ اپنے موبائیل فون پر ہی انتخابات کے دوران اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ دینے کی سہولت سے استفادہ کریں گے تو وہ رائے دہی کتنی شفاف، منصفانہ اور دیانتدارانہ ہوگی ۔ اس کا نام ہے ای ۔ الیکشن جو دراصل سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام ملک کیلئے آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے اپنی تصنیف کردہ کتاب ’’اے مینی فسٹو فار چینج‘‘ میں تائید کرتے ہیں۔ اپنی کتاب میں بھی انہوں نے 2020 ء تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک کے طور پر دیکھنے کی خواہش کی ہے ۔ ہارپر کالینس انڈیا کی جانب سے شائع کی گئی اس کتاب میں عبدالکلام نے ملک میں پارلیمانی نظام کے موضوع پر برسوں کی تحقیق کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے ایک آزادانہ طور پر کام کرنے والے لوک پال بل (موجودہ صورت میں نہیں)،آزادانہ کام کرنے والی سی بی آئی اور آزادانہ طور پر کام کرنے والی سماجی عدالتوں کا تصور پیش کیا ہے ۔ای ۔ الیکشن وہ میکانزم ہے جس کی وہ بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ ای۔ الیکشن نہ صرف آسان انتخابی عمل ہوگا بلکہ اس سے کروڑہا روپئے کے مصارف سے بھی چھٹکارہ مل جائے گا۔