سابق صدر مرحوم کی یادگار کا افتتاح ۔ ایم وینکیا نائیڈو کا خطاب
رامیشورم ( ٹاملناڈو ) 27 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) این ڈی اے کے نائب صدارتی امیدوار ایم وینکیا نائیڈو نے آج وزیر اعظم نریندر مودی اور سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو بے لوث کام کرنے والی شخصیتیں قرار دیا ہے جو ملک کی ترقی کیلئے عہد بند تھے ۔ وینکیا نائیڈو نے ڈاکٹر کلام کی یاد میں ایک میمورئیل کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ ڈاکٹر کلام اور مودی دو عظیم شخصیتیں ہیں جنہوں نے بے لوث قوم کی خدمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر مرحوم کی یادگار کا افتتاح کرنے کیلئے نریندر مودی سب سے زیادہ متفکر تھے کیونکہ وزیر اعظم ہمیشہ ہندوستان کو ترقی یافتہ بنانے کی جدوجہد میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کلام نے بھی ہندوستان کو ترقی یافتہ بنانے کا خواب دیکھاتھا ۔ ڈاکٹر کلام کو زبردست حراج پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک سائسندان تھے اور ہندوستان کی روح تھے ۔ ایک عظیم سائیسندان اور ملک کے راکٹ پروگرام کے معمار تھے ۔ وہ ایک چھوٹے سے ٹاؤن رامیشورم سے اٹھے تھے اور ہندوستان کے صدر بن گئے تھے ۔ نائیڈو نے ٹاملناڈو کی آنجہانی چیف منسٹر جے جئے للیتا کی بھی ستائش کی کہا کہ ریاست نے دو بہترین شخصیتیں پیدا کی ہیں۔ ایک ڈاکٹر کلام تھے اور دوسری جئے للیتا تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں شخصیتیں اب اس دنیا میں نہیںرہیں۔ وینکیا نائیڈو نے اس یاد گار کی تعمیر کے سلسلہ میں جئے للیتا کے ساتھ ہوئی بات چیت کا تذکرہ کیا اور کہا کہ انہوں نے فوری طور پر اس یادگار کیلئے اراضی الاٹ کرنے کا کام انجام دیا تھا ۔