ڈاکٹر عبدالحمید فیاض جماعت ِاسلامی جموں وکشمیر کے نئے امیر منتخب

سری نگر۔ 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جماعت اسلامی جموں وکشمیر نے ڈاکٹر عبدالحمید فیاض کو اگلے تین سال کیلئے امیر جماعت منتخب کیا ہے ۔ سال 1976 ء سے جماعت اسلامی جموں وکشمیر سے وابستہ ڈاکٹر عبدالحمید اُردو میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتے ہیں اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؔکے زبردست شیدائی مانے جاتے ہیں۔جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے ترجمان اعلیٰ ایڈوکیٹ زاہد علی نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا ‘آج جماعت اسلامی جموں وکشمیر کی نو منتخب مجلس نمائندگان کا پہلا اجلاس زیر صدارت چیف الیکشن کمشنر غلام قادر وانی منعقد ہوا جس میں (165) منتخب ارکان میں سے 162 نے حصہ لیا۔ دو حج بیت اللہ پر ہونے اور ایک ناسازگار صحت کی وجہ سے شامل نہ ہوسکے ۔ارکان نمائندگان نے کثرت رائے سے ڈاکٹر عبدالحمید فیاض ساکن نادی گام شوپیان کو اگلے تین سالہ میقات کیلئے بطور امیر جماعت اسلامی جموں وکشمیر منتخب کیا۔ وہ یکم ستمبر کو منصب امارت کا چارج سنبھالیں گے’۔ ڈاکٹر عبدالحمید فیاض نے اس عزم کو دہرایا کہ جماعت کو اس کے دستور کے مطابق آگے لے جانے میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی اور اقامت دین کی پُرامن اور جمہوری جدوجہد میں سرعت لانے کی خاطر ہر ممکنہ اقدام کیا جائے گا۔