ڈاکٹر راجیو شرما تلنگانہ ریاست کے پہلے چیف سکریٹری

حیدرآباد یکم جون (سیاست نیوز) مرکز نے ڈاکٹر راجیو شرما آئی اے ایس 1982 بیاچ کو ملک کی 29 ویں ریاست تلنگانہ کا پہلا چیف سکریٹری بنانے کے احکام جاری کردیئے ہیں۔ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے چند یوم قبل گورنر آندھرا پردیش سے ملاقات کر تے ہوئے ڈاکٹر راجیو شرما کو چیف سکریٹری تلنگانہ بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ڈاکٹر راجیو شرما جو کہ مختلف محکمہ جات میں کلیدی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور فی الحال وہ مرکزی حکومت کے محکمہ داخلہ میں خدمات انجام دے رہے تھے ۔ ڈاکٹر شرما آج اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ لینے کیلئے دہلی سے واپس ہوچکے ہیں۔انہوں نے آندھرا پردیش کے دو اضلاع میں کلکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے علاوہ محکمہ مال، تعلیم ، صحت، تکنیکی تعلیم ،شہری ترقیات، زراعت کے علاوہ دیگر عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ ڈاکٹر راجیو شرما کو محکمہ جنگلات ، آبپاشی کے علاوہ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کا بھی تجربہ حاصل ہے ۔ علاوہ ازیں وہ پولیوشن کنٹرول بورڈ میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے سلسلہ میں بھی موثر اقدمات کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ ریاست تلنگانہ کے پہلے چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مستعد عہدیدار کے طور پر اپنی شناخت بنا چکے ہیں۔ پہلے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو کے پسندیدہ امیدوار کی حیثیت سے ڈاکٹر راجیو شرما کے بحیثیت چیف سکریٹری تلنگانہ انتخاب کے بعد انہیں مبارکبادیوں کا لا متناہی سلسلہ شروع ہوگیا۔