ڈاکٹر راجیا کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات

حیدرآباد۔2فبروری( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ سے برطرف سابق ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا نے کیمپ آفس پہنچ کر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ کابینہ سے برطرفی کے بعد ان کی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے یہ پہلی ملاقات تھی جو خوشگوار اندازمیں ہوئی ۔ ڈاکٹر راجیا کی کابینہ سے برطرفی کے بعد مختلف گوشوں سے حکومت بالخصوص چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے آمرانہ اقدام کی نہ صرف سخت مذمت کی جارہی ہے بلکہ شدید مخالفت و برہمی کا بھی اظہار کیا جارہا ہے ۔ مادیگا طبقات کے کل مجوزہ احتجاج کے پیش نظر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ڈاکٹر راجیا کو فوری طورپر طلب کر کے کیمپ آفس پر ملاقات کی گئی اور بتایا جاتا ہیکہ ،بعض وجوہات بتاتے ہوئے چیف منسٹر نے ڈاکٹر راجیا کو کچھ ضروری تیقنات بھی دیئے ۔ بتایا جاتا ہیکہ تلگودیشم پارٹی نے انہیں ( ڈاکٹر راجیا کو ) اپنی طرف راغب کرنے اور تلگودیشم پارٹی میں شامل کرنے کی کوششوں کا بھی آغاز کردیا تھا ۔