ڈاکٹر جی چنا ریڈی کی جانب سے جگدیشور ریڈی کے ریمارکس کی مذمت

حیدرآباد /25 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے ریاستی وزیر تلنگانہ جگدیشور ریڈی کی جانب سے ان پر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے جوتے چاٹ کر وزارت حاصل کرنے کے ریمارک کی سخت مذمت کرتے ہوئے معذرت خواہی اور الفاظ سے دست برداری کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا۔ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی مخالفت کے باوجود ہم نے کانگریس اور ٹی آر ایس اتحاد کو یقینی بنانے ہر ممکن کوشش کی، اس طرح 2004ء میں کانگریس کو ریاست اور مرکز میں اکثریت حاصل ہوئی اور دونوں پارٹیوں کا اتحاد کامیاب رہا۔ انھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس کے دو قائدین کے چندر شیکھر راؤ اور اے نریندر کو مرکزی کابینہ میں شامل کیا گیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ جس وقت کے سی آر کو مرکزی وزیر شپنگ (جہاز رانی) بنایا گیا تھا تو ڈی ایم کے کے اعتراض کے بعد ہم نے ان سے دہلی کی ایک ہوٹل میں ملاقات کرتے ہوئے کانگریس کی مجبوریوں سے واقف کرایا تھا۔ بعد ازاں سونیا گاندھی نے انھیں (کے سی آر کو) ریاستی کابینہ میں شامل ہونے کی پیشکش کی تھی اور ٹی آر ایس کے چھ ارکان کو کابینہ میں شامل کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ جگدیشور ریڈی چیف منسٹر کے قریب رہنے کا ادعا کرتے ہیں، لہذا وہ یہ سارے حقائق کے سی آر سے معلوم کرسکتے ہیں۔ انھوں نے آخر میں کہا کہ اس طرح کے ریمارک سے ہمیں صدمہ پہنچا ہے۔