ڈاکٹر جیوتی بدھا ڈائرکٹر صحت عامہ مقرر

حیدرآباد۔/27جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ڈائرکٹر پبلک ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر ڈاکٹر پی سامبا سیوا راؤ کو اس عہدہ سے سبکدوش کرتے ہوئے ڈاکٹر جیوتی بدھا پرکاش ( آئی اے ایس) کمشنر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر کو اس عہدہ کی ذمہ داری دی ہے۔ انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اس عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیں۔ ڈاکٹر پی سامبا سیوا راؤ جو اس عہدہ کی زائد ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر ورنگل کو رپورٹ دیں۔ واضح رہے کہ محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلت کے اہم عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں مبینہ بے قاعدگیوں کا سخت نوٹ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے وزیر صحت کی حیثیت سے ڈاکٹر ٹی راجیا کو کابینہ سے برطرف کردیا تھا۔ ان کی جانب سے محکمہ میں اہم عہدوں پر جو تقررات کئے گئے چیف منسٹر بذات خود ان کا جائزہ لے رہے ہیں اور عہدیداروں کی تبدیلی کا آغاز ہوچکا ہے۔ حکومت نے ابھی تک محکمہ صحت کے کئی اہم عہدیداروں کو تبدیل کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ تلنگانہ میں سوائن فلو کے واقعات میں اضافہ اور سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوں کی کمی کے باعث ہوئی اموات نے حکومت کو اُلجھن میں مبتلا کردیا تھا اور وزیر صحت و ڈپٹی چیف منسٹر کی برطرفی کے بعد چیف منسٹر نے اپنے بااعتماد وزیر لکشما ریڈی کو میڈیکل اینڈ ہیلت کا قلمدان حوالے کیا۔