ڈاکٹر توفیق انصاری احمد کو اسپیس اردو اکیڈیمی آف امریکہ کا ’ ورلڈ ادبی ایوارڈ ‘

اردو مسکن میں ’ اورادارادت ‘ اور ’ دشت تمنا ‘ کی رونمائی اور مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : جناب غلام آصف صمدانی سرپرست اعلیٰ اردو اکیڈیمی جدہ کی صدارت میں استاد سخن شمالی امریکہ ڈاکٹر توفیق انصاری احمد کو ان کے دو انوکھے شعری مجموعوں پر اسپیس اردو اکیڈیمی آف امریکہ ( حیدرآباد سنٹر ) کی جانب سے 29 اکٹوبر کو ’ ورلڈ ادبی ایوارڈ ‘ مسٹر یوسف قاری مصنف ورلڈ بگ بک نے اردو دنیا کی سرکردہ شخصیات کی موجودگی میں عطا کیا اور تمام مہمانوں کا پھولوں کے گلدستوں سے استقبال کیا اور سامعین میں پروگرام کے ساونیر تقسیم کیے گئے ۔ اردو مسکن خواجہ شوق ہال ( اے سی ) وی آئی پی سامعین سے جگمگا رہا تھا ۔ جناب اسلم فرشوری کنوینر تقریب نے خطبہ استقبالیہ دیا ۔ مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ نے حمد ، نعت اور منقبت پر مشتمل ’ اورادارادت ‘ کی رسم اجراء اور رونمائی کی اور اپنے دعائیہ خطاب میں ڈاکٹر توفیق انصاری احمد کو اردو ادب کے آسمان پر جگمگاتا ستارہ قرار دیا ۔ پروفیسر احمد اللہ خاں ( ڈین فیکلٹی آف لا و پرنسپل لا کالج عثمانیہ یونیورسٹی ) نے دوسرے مجموعہ ’ دشت تمنا ‘ کی رونمائی کی اور کہا کہ توفیق انصاری میرے بچپن کے ساتھی ہیں ۔ انہوں نے ان کے پچاس سالہ ادبی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا پہلا مجموعہ کلام ’ درد مشترک ‘ 2003 میں منظر عام پر آیا ۔ آج توفیق انصاری احمد امریکہ سے حیدرآباد دکن میں اپنی ادبی تخلیقات کو اردو دنیا کے انسانوں کے ذہنوں پر لہرا رہے ہیں ۔ پروفیسر میر تراب علی ید اللہی شکاگو نے کہا کہ شکاگو امریکہ کے آسمان ادب پر جن ستاروں سے اردو ادب اور تہذیب کی روشنی پھیل رہی ہے ان میں ایک روشن ستارہ ڈاکٹر توفیق انصاری احمد بھی ہیں ۔ جناب خواجہ کمال الدین ، ڈاکٹر شیخ سیادت علی ، جناب عابد صدیقی اور ڈاکٹر اکبر علی خاں نے بھی مخاطب کیا ۔ آرگنائزر جناب یوسف قادری صدر اسپیس اردو اکیڈیمی آف امریکہ نے اس موقع پر اسپیس ایوارڈس تقسیم کیے ۔ ڈاکٹر توفیق انصاری احمد کو ’ ورلڈ ادبی ایوارڈ ‘ اور حضرت علامہ مفتی محمد عظیم الدین ، پروفیسر احمد اللہ خاں کو خصوصی ایوارڈ دئیے گئے ۔ ان کے لیے جناب غلام آصف صمدانی ، جناب عابد صدیقی ، ڈاکٹر میر اکبر علی خاں ، جناب اسلم فرشوری ، جناب خواجہ کمال الدین امریکہ ، پروفیسر میر تراب علی ید اللہی ، پروفیسر سیادت علی خاں ، جناب حبیب الدین قادری ایڈیٹر تلنگانہ ، ڈاکٹر رؤف خیر ، جناب انور سلیم ، ڈاکٹر فاروق شکیل ، ڈاکٹر و حکیم غوث محی الدین ، محترمہ ایلزبتھ مونالیزا ، جناب حسن شریف ، جناب شوکت علی خاں اور جناب محمد ذکی الدین لیاقت کو اسپیس ایوارڈ تقسیم کیے ۔ ’ اورادارادت اور دشت تمنا کے خالق ڈاکٹر توفیق انصاری احمد نے اپنی بات کے عنوان پر اپنے تخلیقی سفر پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اپنا کلام بھی سنایا ۔۔