گورنر ای ایس این ایل نرسمہن مہمان خصوصی ، پروفیسر ستیا راؤ وائس چانسلر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔18اپریل(سیاست نیوز) ڈاکٹر بی آرامبیڈکر اوپن یونیورسٹی کا 22واں کانووکیشن 20 اپریل کو یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہوگا اور گورنر آندھرا پردیش و تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن اس موقعہ پر گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبہ کے علاوہ پی ایچ ڈی کی تکمیل کرنے والوں کو ڈگری حوالہ کریں گے۔ پروفیسر کے سیتا راما راؤ وائس چانسلر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی نے آج منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ 22ویں کانووکیشن کے دوران پروفیسر این وی وارگھیس وائس چانسلر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ ایڈمنسٹریشن (نئی دہلی) کانووکیشن خطبہ پیش کریں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ تعلیمی سال 2017 کے دوران 34ہزار 387 طلبہ نے ڈگری‘ ڈپلوما‘ اور اسناد حاصل کئے ہیں جنہیں کانووکیشن کے دوران ڈگری عطا کی جائے گی۔ پروفیسر سیتا راما راؤ نے بتایا کہ بیچلر ڈگری پروگرام میں جملہ 29 ہزار 932طلبہ ڈگری کے حصول کیلئے اہل قرارپائے ہیں جن میں بی اے 20ہزار759‘ بی ۔کام 4307 اور بی ایس ای کے 4866 طلبہ شامل ہیں۔ اسی طرح ماسٹرس میں کامیابی حاصل کرنے والے اور ڈگری کے اہل قرار پانے والے طلبہ کی بھی وائس چانسلر نے تفصیلات پیش کیں۔ اور تمام کورسس کے اعداد و شمار پیش کئے ۔ اس کے علاوہ انہیں نے پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما‘ پروفیشنل پروگرامس اور سرٹیفیکیٹ کورسس میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے 10 نئے ریجنل مراکز کے آغاز کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جو کہ ریاست تلنگانہ میں قائم کئے جائیں گے۔ وائس چانسلرس نے بتایا کہ جمعہ کی شام منعقد ہونے والے اس کانووکیشن کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کانووکیشن میں 106 قیدیوں کو بھی ڈگری حوالہ کی جائے گی اور انہیں کانووکیشن میں شرکت کیلئے جیل سے یونیورسٹی لایاجائے گا۔ جو کہ تلنگانہ و آندھرا پردیش کی مختلف جیلوں سے تعلق رکھنے والے ہیں۔ کانووکیشن کے دوران 5 ریسرچ اسکالرس کو ڈگری عطا کی جائے گی جن میں 3 پی ایچ ڈی اور 2 ایم فل کی ڈگریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 36 گولڈ میڈل اور 4 بک پرائز دیئے جائیں گے اور بک پرائز حاصل کرنے والوں میں راجمندری جیل سے تعلق رکھنے والی خاتون قیدی بھی شامل ہے۔ پروفیسر سیتا راما راؤ نے بتایا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے 35 برسوں کے دوران 4لاکھ 16ہزار 387 فارغین ہیں جنہوں نے مختلف کورسس میں ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کی جانب سے 38مختلف کورسس چلائے جا رہے ہیں اور ان کورسس میں داخلہ حاصل کرنے والوں کی خاصی تعداد موجود ہے اور یونیورسٹی میں جاریہ سال تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 1لاکھ 68 ہزار 929ہے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ روزگار سے مربوط نئے کورسس کے آغاز کے سلسلہ میں حکمت عملی تیار کر رہاہے اور اس کے علاوہ فاصلاتی طرز تعلیم کے ساتھ ساتھ باقاعدہ کلاسس کے ذریعہ بھی تعلیم کی فراہمی کے اقدامات پر غور کیا جا رہاہے۔