ڈاکٹر امبیڈکر کی برسی، قوم کا خراج

نئی دہلی۔6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو اور وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں آج قوم نے دستور کے معمار بھیم رائو امبیڈکر کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ یہاں پارلیمنٹ ہائوز کے برآمدے میں مختلف قائدین نے امبیڈکر کو گلہائے عقیدت پیش کئے اور دلتوں کی بھلائی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ مرکزی وزراء راج ناتھ سنگھ اور تھاور چند گہلوٹ اور سینئر کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے نے بھی وہاں امبیڈکر کو خراج ادا کیا۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے بھی خراج ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگ بھلے ہی فنا ہوجائیں لیکن ان کے نظریات باقی رہتے ہیں جن کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ امبیڈکر 65 سال کی عمر میں 1956 ء میں آج ہی کے دن چل بسے تھے۔ وزیراعظم مودی نے ٹوئٹر پر کہا کہ میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو ان کے مہاپری نروان دیوس پر خراج پیش کرتا ہوں۔ اس دوران ممبئی میں بھی ڈاکٹر امبیڈکر کو زبردست خراج پیش کیا گیا۔ ان کی 61 ویں برسی پر ممبئی میں ان کی یادگار چیتیا بھومی پر ان کے ہزاروں حامی جمع ہوئے۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس آج صبح دادر میں شیواجی پارک کے قریب واقع چیتیا بھومی گئے اور کہا کہ اندومل اراضی پر امبیڈکر کی یادگار کا تعمیراتی کام عنقریب شروع کیا جائے گا۔ گورنر سی ایچ ودیا ساگر رائو نے بھی امبیڈکر کو چیتیا بھومی پہنچ کر خراج پیش کیا۔