بنگلورو ۔ /3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے بنگلورو میں کئے گئے چند دھاوؤں سے ڈاکٹروں اورمعائنوں کے مراکز (ڈائیگنوسٹک سنٹرس) کے درمیان ساز باز اور کئی سو کروڑ روپئے کے کمیشن کا طریقہ کار بے نقاب ہوگیا ہے ۔ بنگلور میں پانچ میڈیکل ڈائیگنوسٹک سنٹرس پر انکم ٹیکس دھاوے کئے گئے تھے جس کے ریکارڈ سے معائنوں کے لئے مریضوں کو رجوع کرنے والے ڈاکٹروں کو دیئے جانے والے کمیشنوں کا پتہ چلا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مختلف ڈاکٹروں کو مختلف لیباریٹریز سے الگ الگ شرحوں پر کمیشن ادا کئے جارہے تھے ۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ایم آر آئی پر ڈاکٹرس کو 35 فیصد اور سی ٹی اسکیان و دیگر معائنوں کے لئے 20 فیصد کمیشن دیا جارہا تھا ۔ محکمہ انکم ٹیکس نے یہ بھی کہا کہ چند لیابس نے کمیشن ایجنٹوں کو ملازمت دی تھی جو ڈاکٹروں کو لفافوں میں کمیشن پہونچایا کرتے تھے ۔ لفافوں میں موجود چھوٹی چٹھی پر ڈاکٹر کی طرف سے بھیجے گئے مریضوں کے نام ان کے معائنوں کی تفصیلات رقم کی وصولی اور کمیشن کی تفصیلات درج کی جاتی ہیں ۔