ڈانڈیا کیلئے گھر سے نکلی لڑکی کا ریپ اور قتل

کوٹا (راجستھان)۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک 16 سالہ لڑکی جو ڈانڈیا کی تقریب میں شرکت کے لیے گھر سے گئی تھی، اس کو مبینہ طور پر عصمت ریزی کے بعد خود اس کے کزن اور ایک دیگر نوجوان نے ہلاک کردیا۔ کیوں کہ اس نے جنسی تسکین کے لیے ان کے تقاضوں کو قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔ پولیس نے آج کہا کہ اس کیس میں دونوں نوجوانوں کو پکڑلیا گیا ہے، اننت پورہ پولیس اسٹیشن کے سرکل انچارج انیل جوشی نے کہا کہ متوفی لڑکی چہارشنبہ کی رات گھر سے قریب پنڈال میں نوراتری تہوار میں حصہ لینے گئی تھی لیکن گھر واپس نہیں ہوئی۔ اس کی نیم برہنہ نعش کل صبح اوڈیا بستی میں پائی گئی جس کے بارے میں ایک راہرو نے پولیس کو اطلاع دی۔ دونوں ملزمین جن کی عمریں 17 سال ہیں، اس لڑکی کے کزنس بتائے گئے۔ ان میں سے ایک نے لڑکی سے شادی کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن لڑکی نے منع کردیا جس کے بعد اس لڑکے نے لڑکی کے گھر جاکر اس کی فیملی کو دھمکایا تھا اور وہاں توڑپھوڑ بھی کی تھی۔