نئی دہلی ؍کولکاتہ ۔30 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) داداصاحب پھالکے ایوارڈ یافتہ معروف فلم ڈائریکٹر مرنال سین کا اتوار کو کولکاتہ میں انتقال ہوگیا۔وہ 95سال کے تھے ۔مرنال سین کا انتقال کولکاتہ کے جنوبی علاقہ کے بھوانی پور واقع رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ۔وہ طویل عرصہ سے بیمار تھے ۔انھیں سال 2005 ء میں ’پدم وبھوشن ‘ سے نوازا گیاتھا۔ہندستانی سنیما میں نمایاں خدمات کیلئے سین کو 16بار قومی انعامات سے نوازا گیا۔انھیں پدم بھوشن اور داداصاحب پھالکے ایوارڈ کے علاوہ کئی اہم انعامات سے بھی نوازا گیا۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند ،مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتابنرجی ،اداکار اپرناسین اور معروف اداکارسومتر چٹرجی نے سین کے انتقال پر اظہار تعزیت کیاہے ۔ مرنال سین کے انتقال کی خبر سے کولکاتہ ،فلمی صنعت اور دنیا بھرمیں پھیلے انکے مداحوں میں رنج وغم کی لہر دوڑ گئی ۔سین کو سنیما کے ناظرین انکی بنگلہ فلموں پداتک ،انترین،ایک دن پرتی دن اور ہندی فلموںبھون شوم اور ایک دن اچانک کیلئے ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔بنرجی نے ٹوئیٹ کرکے سین کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیاہے ۔انھوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا،مرنال سین کے انتقال کی خبر سے صدمہ پہنچا ہے ۔فلم صنعت کے لیے یہ بہت بڑا نقصان ہے ۔