حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ریاست تلنگانہ شریمتی رمنی نے کل اچانک گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کر کے تفصیلی معائنہ کیا ۔ اور ہاسپٹل میں بلڈ بینک و 24 گھنٹے لیاب سہولتوں میں مزید بہتری پیدا کرنے کی ہاسپٹل کے اعلیٰ عہدیداروں کو سخت ہدایات دیں ۔ علاوہ ازیں ہاسپٹل کے احاطہ میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے پینے کے پانی کی سہولتیں بیت الخلاؤں کی صفائی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایات دیں ۔ انہوں نے بعد ازاں بتایا کہ حکومت تمام سرکاری ہاسپٹلس میں بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور کسی بھی نوعیت کی غفلت و لاپرواہی برتنے سے متعلق مریضوں کی جانب سے وصول ہونے والی شکایتوں پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ شریمتی رمنی نے بتایا کہ نیلوفر ہاسپٹل ، پیٹلہ برج ( زچگی خانہ ) ، سلطان بازار میٹرنٹی ہاسپٹل وغیرہ میں آئی سی یو مراکز قائم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔۔