اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی زائد ذمہ داری، محکمہ جنگلات کی ذمہ داریوں سے سبکدوش
حیدرآباد یکم نومبر( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی بہبود سے متعلق اسکیمات پر موثر عمل آوری اور محکمہ اقلیتی بہبود کو مستحکم کرنے کیلئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کا نیا عہدہ قائم کیا ہے۔ اس عہدہ پر جناب محمد جلال الدین اکبر آئی ایف ایس کو فائز کرتے ہوئے آج احکامات جاری کئے گئے ۔ اگرچہ یکم اگست 2014کو جناب جلال الدین اکبر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود مقرر کئے گئے لیکن اس عہدہ کے قیام سے متعلق احکامات آج جاری کئے گئے۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے جی او آر ٹی 987 جاری کیا۔ متحدہ ریاست میں کمشنر اقلیتی بہبود کا عہدہ موجود تھا لیکن تلنگانہ حکومت نے اسے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود میں تبدیل کردیا ہے۔ اسی دوران جناب جلال الدین اکبر کو اقلیتی بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کیلئے محکمہ جنگلات کی زائد ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ۔ وہ محکمہ جنگلات میںدو اہم شعبہ جات کی زائد ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے جس کے باعث و اقلیتی بہبود کے امور پر مکمل توجہ دینے سے قاصر تھے۔ حکومت کے نئے احکام کے مطابق اب جناب جلال الدین اکبر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے اور ساتھ ہی ساتھ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی زائد ذمہ داری نبھائیں گے ۔ تلنگانہ حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے 1000 کروڑ بجٹ اور شادی مبارک اسکیم کا اعلان کیا۔ اس اسکیم پر موثر عمل آوری کیلئے موضوع عہدیدار کی ضرورت تھی جسے کوئی زائد ذمہ داری نہ ہو ۔ حکومت نے پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ کو ہدایت دی کہ محکمہ جنگلات کی زائد ذمہ داریوں سے جناب اکبر کو سبکدوش کریں تا کہ وہ مکمل وقت اقلیتی بہبود کے اداروں کے استحکام پر صرف کرسکیں ۔ حکومت نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور اقلیتی بہبود سے متعلق اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے جناب جلال الدین اکبر سے تجاویز طلب کی ہیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے جناب احمد ندیم محکمہ اکسائز میں دو اہم ذمہ داریاں پہلے ہی سے دی گئی ہے۔ اگر حکومت اقلیتی بہبود کیلئے علحدہ سکریٹری کا تقرر کرے تو محکمہ کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔