ڈاؤس اجلاس میں چندرا بابو مدعو تھے

حکومت آندھرا پردیش کے مواصلاتی مشیر کے دفتر کی وضاحت
امراوتی 22 جنوری (پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میںشرکت کیلئے حالیہ دورہ ڈاؤس پر وضاحت کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے مواصلاتی مشیر کے دفتر نے کچھ مکتوب جاری کئے اور دعوی کیا کہ چیف منسٹر کو یقینی طور پر اس سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا تھا ۔ مواصلاتی مشیر کے دفتر سے ایک مکتوب جاری کیا گیا اور کہا گیا کہ یہ مکتوب مینیجنگ بورڈ ورلڈ اکنامک فورم کے رکن فلپ راسلر نے جاری کیا تھا اور اس میں مسٹر نائیڈو کو اس کانفرنس میںشرکت کی دعوت دی گئی تھی ۔ دفتر سے کچھ دوسرے دستاویز بھی جاری کئے گئے اور ادعا کیا گیا ہے کہ چیف منسٹر کو ورلڈ اکنامک فورم کے کچھ دوسرے سشنس میں بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی ۔ وضاحت میں کہا گیا ہے کہ کچھ حلقوں میں یہ خبر گشت کر رہی ہے کہ چیف منسٹر ڈاوس کے اجلاس میں خصوصی مدعو نہیں تھے اور ان کا نام مقررین کی فہرست میں شامل نہیں تھا ۔ یہ خبر غلط ہے اور غلط پروپگنڈہ کا حصہ ہے ۔ ریاست میں اپوزیشن جماعتوں نے چیف منسٹر کے حالیہ دورہ ڈاوس کو تشہیری حربہ قرار دیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ اس تقریب میں انہیں مدعو نہیں کیا گیا تھا بلکہ وہ فیس ادا کرتے ہوئے اس میںشریک ہوئے تھے ۔ ان کا مطالبہ تھا کہ چیف منسٹر اس سلسلہ میں وضاحت کریں۔ پردیش کانگریس کے نائب صدر این منوہر نے چیف منسٹر کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس مسئلہ پر وضاحت کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس دورہ پر 7.27 کروڑ روپئے کے اخراجات آئے تھے ۔