پراگ ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے آج چیک دفاعی کمپنیوں کو ہندوستان میں ڈیفنس مینوفیکچرنگ سیکٹر کی کشادگی کافائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور کہاکہ وہ جوائنٹ وینچرس قائم کرتے ہوئے اس ملک اور ماباقی دنیا کیلئے دفاعی سامان تیار کرسکتے ہیں۔ صدر کووند نے اپنے چیک ہم منصب میلوس زیمن کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ ہند ۔ چیک ڈیفنس شراکت داری کیلئے کافی مواقع ہے جس سے ہندوستانی دفاعی صنعت کی بڑھتی ضروریات کی تکمیل ہوسکتی ہے۔ وزارت امورخارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس میٹنگ کے دوران انہوں نے جاریہ دفاعی تعاون کا جائزہ لیا ۔ دونوں ملکوں نے کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ انڈیا اور چیک اکیڈیمی آف سائنسیس کے بشمول پانچ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ صدر نے کہا کہ چیک ری پبلک ہندوستان کی ترقیاتی اقدامات کیلئے کلیدی پارٹنر بن سکتا ہے۔