چیک جمہوریہ میں فلسطینی سفیر دھماکہ میں ہلاک

پراگوئے ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیک جمہوریہ میں فلسطینی سفیر برائے پراگوئے جمال الجمال آج ان کی رہائش گاہ کے قریب دھماکہ میں ہلاک ہوگئے۔ فلسطینی وزارتی خارجہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب 56 سالہ سفیر قدیم دفتر کا محفوظ باکس کھول رہے تھے۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس محفوظ مقام پر دھماکو مادہ کس طرح پہنچا اور اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ انہوں نے جیسے ہی یہ باکس کھولا اندرون چند منٹ یہ دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے سفیر جمال الجمال شدید زخمی ہوگئے ، انہیں فوری ہاسپٹل لے جایا گیا اور وہاں آپریشن بھی کیا گیا ۔ پولیس تحقیقاتی عہدیداروں کے حوالہ سے بتایا گیا کہ خطرناک دھماکو اشیاء کے معاملہ میں بد احتیاطی کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ اس دھماکہ کی وجہ سے ایک 52 سالہ خاتون جو زخمی ہوگئی تھی، اسے دوسرے ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔

پراگوئے ملٹری ہاسپٹل کے سرجن ڈینیل لینجر نے بتایا کہ فلسطینی سفیر کے سر ، سینہ اور پیٹ پر شدید زخم آئے۔ انہوں نے فلسطینی اتھاریٹی کی طرف سے گزشتہ اکتوبر میں عہدہ کا جائزہ لیا تھا اور حال ہی میں ایک نئی رہائش گاہ منتقل ہوئے جو چیک جمہوریہ کے شمالی مضافات میں واقع ہے۔ دھماکہ کے وقت وہ اپنے ارکان خاندان کے ساتھ فلیٹ میں تھے۔ فلسطینی سفارت خانہ کے ترجمان نبیل الفحل نے بتایا کہ دھماکہ کے وقت وہ فلیٹ میں موجود تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں۔ فلسطینی وزارت خارجہ کے مطابق اعلیٰ سطحی وفد پراگوئے روانہ کیا گیا ہے جو چیک جمہوریہ کے عہدیداروں سے ملاقات اور تحقیقات میں تعاون کرے گا۔ ایک سرکردہ پولیس عہدیدار نے ٹیلی ویژن پر بتایا کہ ابھی تک ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ فلسطینی سفیر دہشت گرد حملہ کا شکار بنے۔