چیچن باغی رہنما عمروف کی ہلاکت کی اطلاع

گروزنی ، 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) روس کے اسلامی شدت پسندوں کی ویب سائٹ کے مطابق چیچن باغیوں کے رہنما ڈکو عمروف کی موت واقع ہو گئی ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ طبعی موت مرے یا ہلاک کر دیئے گئے۔ کیو کاز سنٹر ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ کوہِ قاف امارات کے امیر ’شہید‘ ہو گئے لیکن ویب سائٹ نے اس کے علاوہ مزید وضاحت نہیں دی اور روسی حکام نے بھی سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں کی۔ عمروف کے گروپ نے ماضی میں روس میں کئی خوفناک حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ روس کی سرکاری نیوز ایجنسی آر آئی اے نے روسی ادارہ انسدادِ دہشت گردی کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ وہ عمروف کے ہلاک ہونے کی تصدیق نہیں کریں گے۔ کیو کاز سنٹر ویب سائٹ نے ٹوئٹر پر کہا کہ علی ابو محمد کو ’کوہ قاف امارات‘ کا نیا امیر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ ویب سائٹ کوہِ قاف میں روس کے خلاف برسرپیکار شدت پسندوں کی حامی سمجھا جاتا ہے۔