چیوڑلہ ۔ پرانہیتا پراجکٹ سے پانی کی سربراہی

کاماریڈی اور یلاریڈی کو سرسبز وشاداب بنانے کا منصوبہ ۔ محمد علی شبیر کا اعلان

حیدرآباد ۔ 2 مارچ ( قادر فیصل کی رپورٹ) جناب محمد علی شبیر ایم ایل سی و سابق ریاستی وزیرآبپاشی نے مسٹر سدرشن ریڈی سابق ریاستی وزیر ‘ مسٹر سریش کمار شٹکر رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد‘ جناب طاہر بن حمدان صدر ضلع کانگریس نظام آباد ‘مسٹر پٹواری گووردھن چیرمین ڈی سی سی بی ‘ مسٹر انجنیلو سابق ریاستی وزیر کے ہمراہ ضلع نظام آباد کے اسمبلی حلقہ جات کاماریڈی ویلا ریڈی کا دورہ کیا ۔ انہوں نے موضع بھوم پلی میں تقریباً 5 ہزار کروڑ روپئے کے صرفہ سے زیر تعمیر پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کے پیکیج نمبر 21 اور 22 کے کاموں کا معائنہ کیا اور ملنا گٹہ میں 290 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ کاماریڈی رورل واٹر اسکیم کا افتتاح کیا ۔ جناب محمد علی شبیر ایم ایل سی و سابق ریاستی وزیر نے موضع بھوم پلی ‘ ملنا گٹہ اور کاماریڈی میں منعقدہ جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا وعدہ کانگریس پارٹی نے پورا کیا ۔ ریاست تلنگانہ کی تشکیل دراصل صدر کل ہند کانگریس محترمہ سونیاگاندھی کی توجہ خاص کا نتیجہ ہے ۔ بے شمار سیاسی رکاوٹوں کے باوجود سونیاگاندھی نے عزم مصمم کے ساتھ ریاست تلنگانہ کے کاز کے لئے کھڑی رہیں اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تلنگانہ بل کو منظور کروایا ۔ تلنگانہ کے 4 کروڑ عوام کے 60 سالہ خواب کو کانگریس پارٹی نے شرمندہ تعبیر کیا ۔ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کانگریس پارٹی اور سونیاگاندھی کا کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن کاماریڈی کے عوام کے لئے خوشیوں سے بھرپور عید کا دن کے مانند ہے کیونکہ ایک جانب جشن فتح تلنگانہ کا اہتمام کیاگیا تو دوسری جانب علاقہ کاماریڈی کو سرسبز و شاداب بنانے گوداوری سے پانی لانے کاکام شروع ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سری رام ساگرپراجکٹ کے فاضل پانی کر پرانہیتا چیوڑلہ لفٹ اریگشن پراجکٹ کے ذریعہ حاصل کرتے ہوئے ضلع نظام آباد کے ساڑھے چار لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کیاجائیگا ۔

جس میں حلقہ اسمبلی کاماریڈی اور ایلاریڈی کی 1.46 لاکھ ایکر اراضی شامل ہے پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ سے زرعی اراضی کو سیراب کرنے 5 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ حلقہ اسمبلی کاماریڈی و ایلاریڈی کی 1.46 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کرنے ایلم پلی پراجکٹ سے 25 ٹی ایم سی پانی کا کتیہ کنال کے ذریعہ سربراہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کنال کی تعمیر کے لئے کسانوں سے اراضی حاصل کی جا رہی ہے جس کا بہتر معاوضہ دیا جائیگا ۔ جناب محمد علی شبیر نے کہا کہ ملنا گٹہ میں تعمیر کردہ واٹر اسکیم کے ذریعہ حلقہ اسمبلی کاماریڈی و ایلاریڈی کے 219 مواضعات کے علاوہ کاماریڈی ٹاون کو پینے کے پانی سربراہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ 290 کروڑ روپئے سے تعمیر کردہ اس واٹر اسکیم کے ذریعہ کم و بیش 15 لاکھ افراد کو پانی فراہم ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ترقی کے کھوکھلے اور چھوٹے وعدے نہیں کرتے بلکہ اپنے ہر وعدے کو عملی طور پر پورا کرتے ہیں ۔ مسٹر سدرشن ریڈی سابق ریاستی وزیر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ سے ابتداء میں ضلع نظام آباد کی صرف 2 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کا منصوبہ تھا تاہم جناب محمد علی شبیر کی نمائندگی پراس پراجکٹ میں حلقہ اسمبلی کاماریڈی و ایلاریڈی کو شامل کرتے ہوئے ساڑھے 4 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کی منظوری دی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع نظام آباد میں پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کا 40 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور آئندہ دیڑھ سال میں کام مکمل کرتے ہوئے کنالس کے ذریعہ زراعت کو پانی فراہم کیا جائیگا ۔ مسٹر سریش کمار شنکر رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد نے کہا کہ کانگریس حکومت نے عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے بے نظیر اقدامات کئے ہیں ۔ کانگریس پارٹی کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے گھر گھر جا کر اسے واقف کروائیں ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل صدر کانگریس میں سونیاگاندھی اور کانگریس پارٹی کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ اس پیغام کو پارٹی کارکن عام کریں اور عوام کو بتائیں تلنگانہ کے خواب کو حقیقت میں بدلنے والی پارٹی صرف اور صرف کانگریس ہے ۔اس موقع پر آکولہ سرینواس ‘ راجو ریڈی اور حلقہ اسمبلی کاماریڈی کے قائدین موجود تھے ۔ ڈگری کالج گراؤنڈ کاماریڈی کے جلسہ عام میں عوام نے بھاری تعداد میں شرکت کی ۔ جناب محمد علی شبیر کا مختلف مقامات پر عوام نے آتشبازی و شامع نوازی کے ساتھ زبردست استقبال کیا۔